
سوتیلی ماں کے مظالم بہت مشہور ہیں لیکن ایک خاتون نے اپنی سوتیلی امی کا ایک ایسا واقعہ سنایا کہ میں حیران ہوگئی، سوچا شیئر کرنا چاہیے۔ وہ بتاتی ہیں کہ جب میں کوئی پانچ سال کی تھی تو مجھے ایک ایسی بیماری لاحق ہوگئی کہ میں اچانک بہت کمزور ہوگئی، خاص طور پر میری ٹانگوں میں بہت کمزوری محسوس ہوتی تھی جس کی وجہ سے میں زیادہ چل نہیں پاتی تھی۔ جب دوسرے بچے اپنے کھیل کود میں مشغول ہوتے، میں چارپائی پر لیٹ کر انہیں دیکھتی۔ میرے بڑے بہن بھائی بتاتے ہیں کہ میری طبیعت میں چڑچڑا پن بھی بہت آ گیا تھا اور میں اکثر روتی ہی رہتی تھی۔ اُس وقت (1960 کی دہائی میں)، دیہی علاقوں میں تین یا چار شادیاں عام سی بات تھی۔ میری امی، میرے والد کی دوسری بیوی تھیں۔ ان کی پہلی بیوی (جنہیں ہم بڑی امی کہتے تھے) کے بچے ہوش کی عمر کو پہنچ چکے تھے لیکن ہم بہن بھائی ابھی چھوٹے تھے۔ بڑی امی سارا دن گھر کا کام کرتی تھیں کیونکہ ہم چھوٹے بچے اپنی امی کو بہت تنگ کرتے تھے اور کام کرنے نہیں دیتے تھے۔ میری دادی بتاتی تھیں کہ بڑی امی کو میری بہت فکر رہتی تھی کہ میں چل کیوں نہیں سکتی اور ہر وقت روتی کیوں رہتی تھی۔ اُس زمانے میں گاؤں میں اچھے ڈاکٹرز نہیں تھے، لیکن انہیں جہاں بھی کوئی علاج کرنے والا ملتا، وہ مجھے لے جاتی تھیں۔ اکثر علاج والے جواب دے دیتے تھے کہ یہ بچی کبھی نارمل بچوں کی طرح چل نہیں پائے گی۔ بہر حال، بڑی امی جھاڑو دیتے ہوئے بھی مجھے گود میں اٹھائے رکھتی تھیں کیونکہ میری اپنی امی میرے مسلسل رونے سے بے زار آچکی تھیں۔ مجھے ڈانٹنے پربڑی امی کی اکثر میری امی سے لڑائی ہوجاتی، وہ کہتیں "بیچاری کو کوئی تکلیف ہوگی، اسے شوق تھوڑی ہے رونے کا"۔ گھر کے کام نمٹانے کے بعد بڑی امی میری ٹانگوں پر سرسوں کے تیل کی مالش کرتی تھیں، گاؤں میں جو کوئی وظیفہ بتاتا، وہ بھی پڑھ کر دم کرتی تھیں۔ آہستہ آہستہ میں نے عام بچوں کی طرح چلنا اور پھر دوڑنا شروع کر دیا۔ بڑی امی مجھے کھیلتا دیکھ کر بہت خوش ہوتی تھیں۔
افسوس کہ میری صحت یابی کے چند سال بعد ہی ان کا انتقال ہوگیا۔ میں نے ایک صحت مند انسان کی طرح زندگی گزاری، آج میں خود نانی اور دادی بن چکی ہوں۔ میرے تمام بچے اللہ کے فضل سے اپنی زندگیوں میں کامیاب ہیں۔ آج میں جو ہوں، اپنی بڑی امی کی وجہ سے ہوں، میں کسی اور کو دعاؤں میں یاد رکھوں یا نہ رکھوں، انہیں بہت محبت سے یاد رکھتی ہوں اور اپنے بچوں کو بھی یہی نصیحت کرتی ہوں۔
(Sender: Palwasha ***)
1 Comments
Beautiful 😍 👌💫💯❤
ReplyDelete