نسرین باجی


سچےواقعات و مشاہدات






کافی پہلے کی بات ہے، ہمارے بچپن میں ایک نسرین باجی ہوا کرتی تھیں جو کہ ہمارے گھر کے قریب ہی رہا کرتی تھیں۔ نسرین باجی ایک لمبے قد اور عام سی شکل و صورت کی تھیں۔ ان کو پڑھائی کا کوئی خاص شوق نہیں تھا، فیشن اور میک اپ میں البتہ ان کا بہت دل لگتا تھا۔ ان کے والد صاحب اکثر ہمارے ابو سے گلہ کرتے تھے کہ آپ کی بیٹی روزانہ باقاعدگی سے کالج جاتی ہے لیکن نسرین نے کالج جانے سے انکار کر دیا ہے۔ خدا جانے اس کا کیا بنے گا۔ میں بہت پریشان ہوں۔ نسرین باجی نے کالج میں داخلہ نہیں لیا، پھر پتہ چلا کہ ان کے والدین نے ان کی شادی کر دی اور وہ کراچی سے پنجاب کے کسی علاقے میں شفٹ ہوگئیں۔ ہم کالج سے یونیورسٹی اور یونیورسٹی سے جاب پہ لگ گئے اور وقت گزرنے کا پتہ ہی نہیں چلا۔ کئی سال بعد ایک مرتبہ ہماری نسرین باجی سے ملاقات ہوئی۔ وہ ماشاء اللہ 5 بیٹیوں کی ماں بن گئی تھیں، پتہ چلا کہ تمام بیٹیاں پڑھنے میں بہت اچھی ہیں، بہترین اسکولز میں پڑھ رہی ہیں اور کافی مہذب اور تمیز دار ہیں۔ مجھے بہت حیرت ہوئی کیونکہ مجھے معلوم تھا کہ ان کے شوہر کی کوئی خاص جاب نہیں تھی۔ پوچھنے پر نسرین باجی نے جو بتایا وہ کچھ یوں ہے

آپ تو جانتی ہیں کہ میری شادی میٹرک کے بعد ہی ہو گئی تھی، جب میں پنجاب شفٹ ہوئی تو شروع شروع میں مجھے کافی مشکلات پیش آئیں، نیا ماحول تھا، کم عمری تھی، شوہر کی کوئی خاص نوکری نہیں تھی، گھر والے دور تھے اور گھر کی خواتین سے بھی اکثر تو تو، میں میں ہو جاتی تھی۔ پھر میں نے اپنی زندگی بدلنے کا سوچا، اور سوچا ایسا کیا ہے جو میں کر سکتی ہوں، مجھے میک اپ کے علاوہ کچھ نظر نہ آیا۔ میں نے ایک حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا۔ شوہر سے اجازت لے کر اپنا پارلر کھولنے کا فیصلہ کیا۔ ایک اسٹور ٹائپ جگہ خالی پڑی تھی، اس کو صاف کر کے پارلر کا آغاز کیا۔ روزانہ کچن میں اپنے حصے کا کام کرتی، پورے گھر کی جھاڑو دیتی اور پھر باقی وقت اپنے پارلر کو دیتی۔ میں نے محسوس کیا کہ میری بلاوجہ کی بحثیں اور لڑائیاں خودبخود ختم ہوگئیں اور مالی حالات بھی بہتر ہوگئے۔ یہ سب دیکھ کر شوہر بھی مطمئن اور پرسکون رہنے لگے۔ اس وقت میری کمائی ایک جاب والے سے کئی گنا زیادہ ہے۔ میرا کوئی بیٹا نہیں لیکن آج میری بیٹیاں کسی پر بوجھ نہیں، وہ سب بہترین اسکولز میں پڑھتی ہیں، میں ان کو اعلیٰ تعلیم دینا چاہتی ہوں کیونکہ ان کو پڑھائی کا بہت شوق ہے اور سب اللہ کے فضل سے بہت ذہین ہیں۔

اس واقعے سے مجھے زندگی کے بہت سے معاملات سمجھ آئے۔ اللہ پاک پر توکل بہت اہم ہے، اللہ پاک ہر بندے کو سنبھال لیتے ہیں، بس ساری بات ہماری تھوڑی سی کوشش اور عزم کی ہے۔ زندگی اکثر اتنی بھی مشکل نہیں ہوتی جتنی ہماری اپنی سوچیں اور مستقبل کی فکریں اس کو بنا دیتی ہیں۔ کئی مرتبہ ہمارا بظاہر فضول نظر آنے والا شوق بھی ہماری زندگی سنوار سکتا ہے۔

(Sender: D***)

اپنے پسندیدہ صفحات پڑھیے


Post a Comment

2 Comments

  1. Wah, maza agya parh k janab🥰

    ReplyDelete
  2. Rab ki zaat pay tawakkul bht ehem hay waqai 🙏🤲💜💚

    ReplyDelete