بزرگ کا تحفہ 💓



 

 

یہ واقعہ میری ایک دوست ثناء کے ساتھ پیش آیا، سوچا آس نگر کے قارئین کو سنایا جائے۔

میری دوست کا کہنا ہے کہ ایک مرتبہ وہ اپنی ایک دوست سے ملنے کراچی گئی۔ اس کا خیال تھا کہ کراچی پہنچ کر اس کے گھر کے قریب کسی دکان سے ہی کوئی اچھا سا ڈریس خرید کر تحفے میں دے دے گی۔ اتفاق کچھ یوں ہوا کہ اس کے گھر کے قریب کی دکانوں میں اسے کوئی بھی سوٹ پسند نہیں آیا۔ تمام ان سلے کپڑے یا تو بہت سادہ تھے یا پھر شادی بیاہ جیسے مواقع پر پہنے جانے والے تھے۔

بہرحال، اس نے اپنی دوست کے لیے ہلکی پھلکی جیولری خرید لی اور دکان سے نکلنے ہی والی تھی کہ اس کی نظر ایک ان سلے سوٹ پر پڑی، جو پیارا تو تھا مگر بڑی عمر کی خواتین پر جچنے والا ڈیزائن تھا۔ جبکہ اس کی دوست کی عمر اس وقت کوئی 29-31 سال کے درمیان ہوگی اور وہ اپنی ضعیف دادی اور باقی افراد کے ساتھ رہتی تھی۔ اچانک اس کے دل میں خیال آیا کہ یہ سوٹ اس کی دادی جان پر اچھا لگے گا، کیوں نہ انہیں تحفے میں دیا جائے؟ یہ سوچ کر اس نے وہ بھی پیک کروا لیا۔

مختصراً یہ کہ جب وہ ان کے گھر پہنچی اور یہ تحفہ دادی جان کو پیش کیا تو ان کی خوشی دیکھنے والی تھی۔ ثناء کا کہنا تھا کہ میں بہت سے افراد کو زندگی میں تحفے دے چکی ہوں لیکن جس طرح دادی جان تحفہ لے کر خوش ہوئیں، ایسا خوبصورت تجربہ پہلے کبھی نہیں ہوا۔ وہ بالکل بچوں کی طرح معصومیت سے خوشی سے پھولے نہیں سما رہی تھیں۔

ثناء کی دوست کا کہنا تھا کہ دادی جان کو کافی عرصے بعد کسی باہر والے فرد نے تحفہ دیا تھا۔ اگرچہ ہم ان کا پورا خیال رکھتے ہیں لیکن وہ تو ذمہ داری میں آتا ہے نا ں ۔ دراصل دادی جان کی عمر کی ان دوستوں کا انتقال ہو چکا تھا جو کبھی بہت پیار سے ان کے لیے تحفے لایا کرتی تھیں اور ان سے ڈھیر ساری باتیں کیا کرتی تھیں۔ اس لیے آج اس غیر متوقع تحفے کو پا کر وہ بہت خوش ہوئیں۔

بہرحال، انہوں نے مجھے بہت پیار دیا اور ڈھیر ساری دعائیں بھی دیں۔

میں واپس آتے ہوئے سوچ رہی تھی کہ میں نے کتنے عرصے بعد کسی بزرگ کو تحفہ دیا ہے۔ اگرچہ ہم اپنے رشتہ دار بزرگوں، جوانوں اور بچوں کو تحفے دیتے ہی رہتے ہیں، لیکن کہیں ہم دوسرے بزرگوں کو اس حوالے سے نظر انداز تو نہیں کر رہے؟ بس وہ دن تھا اور آج کا دن ہے، جب بھی میں کسی کے لیے تحفہ لیتی ہوں، اس گھر کے بزرگ افراد کو ضرور یاد رکھتی ہوں اور خاص طور پرتحفہ ان کے ہاتھ میں پکڑا کر کہتی ہوں کہ میں نے یہ خصوصی طور پر آپ کے لیے لیا ہے۔ اس وقت ان کے چہرے پر جو معصوم سی خوشی ہوتی ہے، وہ انمول ہوتی ہے۔

آپ نے اگر کبھی ایسا تجربہ نہیں کیا تو ضرور کیجیے گا-اس چھوٹے سے عمل کے نتیجے میں جو برکتیں، سکون ، پیار اوردعائیں آپ کی زندگی میں آئیں گی،ان کا الگ ہی مزہ ہے۔

 ( Sender: Sh***) 🙂

Post a Comment

1 Comments

  1. What a beautiful real life story. I will do the same🥰

    ReplyDelete